حیدرآباد ۔ 18 جولائی (سیاست نیوز) سائبرآباد حیدرآباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئے۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 55 سالہ محمد پاشاہ جو اے ٹی ایم کا سیکوریٹی گارڈ تھا، ماروتی نگر علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ وہ ملکام چیرو کے علاقہ میں کام کرتا تھا۔ کل رات کی ڈیوٹی کے بعد وہ آج صبح سڑک عبور کررہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ کتور پولیس کے مطابق 22 سالہ محمد یونس جو پیشہ سے ڈرائیور تھا، آتماکور میں رہتا تھا۔ کل رات وہ اپنی ڈی سی ایم میں جڑچرلہ سے واپس آرہا تھا کہ کتور کے علاقہ میں ایک دوسری لاری نے یونس کی ڈی سی ایم کو ٹکر دے دی جس کے سبب وہ شدید زخمی حالت میں فوت ہوگیا۔ چندرائن گٹہ پولیس حدود میں سڑک حادثات پیش آئے، جس میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔ چندرائن گٹہ پولیس کے مطابق 63 سالہ رامچندر جو پیشہ سے سنار تھا، راجیو گاندھی نگربنڈلہ گوڑہ میں رہتا تھا، وہ آج اپنی بیوی کلاوتی کو موٹر سیکل پر چھوڑ کر واپس ہورہا تھا کہ دوسری موٹر سیکل کی زد یں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ چندرائن گٹہ پولیس کے مطابق 20 سالہ بھاگیہ لکشمی عرف بھاگیہ جو اندرا نگر چندرائن گٹہ علاقہ کے ساکن ملیا کی بیوی تھی، پیشہ سے مزدور تھی۔ وہ اپنی ایک سال کی لڑکی کے ساتھ آٹو میں گذشتہ روز واپس ہورہی تھی کہ آٹو الٹ گیا اور بھاگیہ لکشمی برسرموقع ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔