سڑک حادثات میں چار افراد بشمول خاتون ہلاک

حیدرآباد /10 مارچ ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئے جن میں دو کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ مہیشورم پولیس کے مطابق 35 سالہ ستیہ جو محبوب نگر کا متوطن تھا پیشہ سے خانگی ملازم بتایا گیا ہے ۔ 6 مارچ کے دن وہ اپنے ساتھی بھاسکر کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی موٹر سائیکل سے تصادم پیش آئے اور شدید زخمی حالت میں ستیہ آج فوت ہوگیا ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 30 سالہ کے بالاسوامی جو آرام گھر کالونی بدویل کا ساکن تھا وہ بدویل ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آئے سڑک حادثہ میں نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا ۔ جس کی کل رات دیر گئے علاج کے دوران موت ہوگئی ۔

حیات نگر پولیس کے مطابق 60 سالہ خاتون جس کی شناخت نہیں ہو پائی ہے ۔ لکشما ریڈی پالم علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں فوت ہوگئی ۔ یہ خاتون سڑک عبور کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ حادثہ پیش آیا ۔ ایک تیز رفتار لاری کی زد میں آکر ضعیف خاتون ہلاک ہوگئی ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق ایک شخص جس کی عمر تقریباً 32 تا 35 سال بتائی گئی ہے کل رات راجندرنگر کے علاقہ میں ایک بس ہائی وے کے قریب سے گذر رہا تھا کہ حادثہ پیش آیا ۔ وہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ اپل پولیس کے مطابق 55 سالہ پنٹاچاری جو پیشہ سے کارپینٹر تھا ۔ عنبرپیٹ کا ساکن بتایا گیا ہے کل رات موٹرسائیکل پر جارہا تھا کہ اپل چوراہے کے قریب آر ٹی سی بس کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔