سڑک حادثات میں پانچ افراد ہلاک

حیدرآباد /10 اپریل ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد و سائبرآباد کے علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوگئے چارمینار پولیس کے مطابق 47 سالہ ناگاپٹی جو چپل بازار کا ساکن تھا پیشہ سے ایل آئی سی ایجنٹ بتایا گیا ہے ۔ وہ پتھر گٹی کے علاقہ سے جارہا تھا کہ سٹی کالج کے قریب موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ بوئن پلی پولیس کے مطابق 55 سالہ ناگاراجو ریڈ ہلز بازار گھاٹ کا ساکن تھا ۔ کل موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ آٹو کو ٹکر دینے کے سبب برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ حیات نگر پولیس کے مطابق 28 سالہ فنی کمار جو حیات نگر علاقہ کا ساکن تھا پیشہ سے مزدور بتایا گیا ہے وہ کل اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر فنی کمار ہلاک ہوگیا ۔جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہوگیا ۔ شاہ میر پیٹ پولیس کے مطابق 40 سالہ متیالو جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا نارائن پور علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ وہ شاہ میر پیٹ کے علاقہ سے اپنی موٹر سائیکل پر گذر رہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرا گئی اور وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ راجندر نگر کے علاقہ میں ایک 32 سالہ شخص سڑک عبور کرنے کے دوران نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ حادثہ عطاپور کے علاقہ میں پیش آیا ۔ تاہم اس شخص کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔