سڑک حادثات میں پانچ افراد بشمول کمسن ہلاک

حیدرآباد /21 جون ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول ایک کمسن ہلاک ہوگیا ۔ بنجارہ ہلز پولیس کے مطابق 6 سالہ لڑکا سائی چرن جو فاروق نگر محبوب نگر علاقہ کے ساکن نرسنگ راؤ کا بیٹا تھا ۔ یہ لڑکا اس کی والدہ جیوتی کے ہمراہ پنجہ گٹہ علاقہ میں سڑک عبور کر رہا تھا کہ آٹو کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ چرن اور اس کی والدہ جیوتی نمس ہاسپٹل رشتہ دار کی عیادت کے لئے آئے تھے ۔ شاہ علی بنڈہ پولیس کے مطابق 38 سالہ ویرو جو پیشہ سے تاجر تھا لال دروازہ علاقہ کا ساکن تھا 16 جون کے دن یہ شخص اس کے بھانجے کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں شدید زخمی ویرو آج علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ سکندرآباد کے علاقہ لالہ گوڑہ حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 21 سالہ طالب علم وویک ہلاک ہوگیا ۔ گویندا پورم علاقہ کا ساکن وویک اس کے ساتھی عبدالرحیم کے ہمراہ موٹر سائیکل پر شہر آیا تھا ۔ واپسی کے دوران یہ حادثہ لالہ گوڑہ حدود میں پیش آیا ۔ ایک تیز رفتار آر ٹی سی بس کی زد میں آکر یہ طالب علم ہلاک ہوگیا ۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 25 سالہ ونود کمار جو پیشہ سے تاجر تھا ۔ پیٹ بشیرآباد علاقہ میں رہتا تھا ۔ جس کا تعلق ریاست اترپردیش سے بتایا گیا ہے ۔ کل یہ شخص موٹر سائیکل پر آرہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر برقی پول سے ٹکرا گئی اور یہ شخص برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق 59 سالہ شخص کرشنا ریڈی جو سی آر پی ایس کا ریٹائرڈ ملازم تھا ۔ پیشہ سے خانگی سیکوریٹی گارڈ بتایا گیا ہے ۔ ریڈی الماس گوڑہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ جو کل رات پیش آئے سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا ۔ جس کو فوری علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔