سڑک حادثات میں پانچ افراد بشمول سوڈانی ہلاک

حیدرآباد 18 اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبر آباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد فوت ہوگئے ۔ آصف نگر حدود میں ایک سوڈانی باشندہ فوت ہوگیا جو تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے ملک آیا تھا اور نظام کالج میں زیر تعلیم تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 25 سالہ فضل عبداللہ املس جو سوڈان کا متوطن تھا ۔ تارناکہ کے ایک ہاسٹل میں رہتا تھا اور نظام کالج سے بی سی اے زیر تعلیم تھا ۔ گذشتہ ماہ کی 28 تاریخ کو آصف نگر حدود میں پیش آئے سڑک حادثہ میں فضل عبداللہ زخمی ہوگیا تھا جس کی کل رات علاج کے دوران موت ہوگئی ۔ میر پیٹ پولیس کے مطابق 36 سالہ راملو جو پیشہ سے تاجر تھا ۔ بالا پور سرور نگر کا ساکن بتایا گیا ہے وہ کل موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ میر پیٹ چوارہے پر نا معلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ کارخانہ پولیس کے مطابق 19 سالہ دیویندر جو طالب علم بتایا گیا ہے ۔ بوئن پلی علاقہ کے ساکن کرشنا کمار کا بیٹا تھا ۔ کل وہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ عثمانیہ یونیورسٹی پولیس کے مطابق 39 سالہ وینو گوپال جو جیڈی میٹلہ میں رہتا تھا ۔ تلگو روزنامہ کا ملازم بتایا گیاہے ۔ وہ کل لالہ پیٹ کے علاقہ سے گذر رہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا پیٹ بشیر آباد کے حدود میں ایک 27 سالہ شخص پرمیشورا چاری نا معلوم گاڑی کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔