سڑک حادثات میں پانچ افراد بشمول دو خواتین کی موت

حیدرآباد ۔ 31 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد اور دو خواتین فوت ہوگئیں۔ لنگرحوض پولیس کے مطابق 52 سالہ اختر جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا، لنگرحوض علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ 28 اکٹوبر کو یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران آج فوت ہوگیا۔ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ پولیس کے مطابق 24 سالہ بی کرشنا جو کوکٹ پلی علاقہ کا ساکن تھا، کل موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ آر ٹی سی بس کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران آج فوت ہوگیا۔ پولیس کے مطابق یہ شخص ملازمت کی تلاش میں تھا۔ مشیرآباد پولیس کے مطابق 45 سالہ انیتا جو لالہ گوڑہ علاقہ کے ساکن کرشنا مورتی کی بیوی تھی، اپنے رشتہ دارکے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہی تھی کہ اچانک صحت خراب ہونے کے سبب وہ موٹر سیکل سے گر کر شدید زخمی ہوگئی اور علاج کے دوران آج فوت ہوگئی۔ بالانگر پولیس کے مطابق 32 سالہ آر بابوجو پیشہ سے سافٹ ویر انجینئر تھا، وجئے نگرم علاقہ کا متوطن بتایا گیا ہے، آج یہ شخص موٹر سیکل پر بالانگر علاقہ سے گذر رہا تھاکہ جیڈی میٹلہ ڈپو سے وابستہ بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ تکارام گیٹ پولیس کے مطابق 35 سالہ مادھوی جو تکارام گیٹ علاقہ کے ساکن راجو کی بیوی تھی، یہ خاتون ایک خانگی اسکول میں اٹینڈر کی خدمات انجام دے رہی تھی۔ یہ خاتون اپنے بچوں کو چھوڑ کر آر ٹی سی بس کے ذریعہ واپس ہورہی تھی کہ مشتبہ طور پر چلتی بس سے گر کر شدید زخمی ہوگئی اور علاج کے دوران فوت ہوگئی۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔