حیدرآباد /21 اپریل ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول دو خواتین ہلاک ہوگئیں ۔ ان میں دو افراد آر ٹی سی بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے ۔ معین آباد پولیس کے مطابق 7 سالہ کے ریشت جو دوسری جماعت کا طالب علم تھا معین آباد کے ساکن مانکیم کا بیٹا تھا ۔ کل چرچ سے واپسی کے دوران ریشت آر ٹی سی بس کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور رات دیر گئے فوت ہوگیا ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 60 سالہ تیہ اماں جو مانکیما کالونی راجندر گر علاقہ کے ساکن جنگیا کی بیوی تھی آج صبح سڑک عبور کرنے کے دوران آر ٹی سی بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی ۔ نلہ کنٹہ پولیس کے مطابق 38 سالہ سرینواس جو فیور ہاسپٹل میں چوکیداری کرتا تھا ۔ سنجئے نگر نلہ کنٹہ میں رہتا تھا 17 اپریل کے دن وہ سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا جس کی آج علاج کے دوران موت ہوگئی ۔ لنگر حوض پولیس کے مطابق 20 سالہ اے مہا لکشمی جو لنگر حوض علاقہ کے ساکن کرشنا کی بیوی تھی ۔ آج اپنے شوہر اور نریندر کے ہمراہ سڑک عبور کر رہی تھی کہ ایک تیز رفتار کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی اور علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ میاں پور پولیس کے مطابق 50 سالہ ایاجو پیشہ سے میستری تھا ۔ حفیظ پیٹ علاقہ کا ساکن بتایا کہ 12 اپریل کے دن وہ سڑک عبور کرنے کے دوران موٹر سائیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا جس کی علاج کے دوران رات موت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔