سڑک حادثات میں پانچ افراد بشمول خاتون ہلاک

حیدرآباد /8 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئی ۔ چادرگھاٹ کے علاقہ میں پیش آئے خوفناک حادثہ میں 2 افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے اور اس حادثہ میں دیگر 6 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ افضل گنج پولیس کے مطابق 18 سالہ ورون راج ساکن افضل گنج اور 18 سالہ نریندر ساکن حبشی گوڑہ برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ جو اپنے دیگر زخمی ساتھیوں پرشانت ، پلی ، شیوا ، آکاش کوشک اور بھاسکر کے ہمراہ اپنے ایک ساتھی کی سالگرہ پارٹی میں شرکت کے بعد علاقہ کاروان سے واپس ہو رہے تھے کہ چادرگھاٹ وکٹری پلے گراؤنڈ کے قریب ان کی تیز رفتار کار دیوار سے ٹکرا گئی ۔ اس حادثہ میں 2 افراد برسر موقع ہلاک و دیگر 6 زخمی ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق یہ طلبہ نشہ کی حالت میں گاڑی چلا رہے تھے اور تیز رفتار ی سے گاڑی پر قابو کھو دیا جو حادثہ کا سبب بن گیا ۔ تاہم پولیس ہر زاویہ سے کیس کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ معین آباد پولیس کے مطابق 20 سالہ رویندر جو پیشہ سے لیبر تھا تول کٹہ کا ساکن بتایا گیا ہے وہ پتھروں سے لدی ڈی سی ایم گاڑی میں سفر کر رہا تھا کہ حادثاتی طور پر گاڑی سے گرکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ رائے درگم پولیس کے مطابق 55 سالہ ناگنا جو پیشہ سے لیبر تھا خواجہ گوڑہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ آوٹر رنگ روڈ پر سڑک عبور کرنے کے دوران وہ ایک گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ کوکٹ پلی پولیس کے مطابق 21 سالہ ونود کمار جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ امیرپیٹ کے علاقہ میں رہتا تھا ۔ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ ہاوزنگ بورڈ کے علاقہ میں کنٹینر الٹ جانے کے سبب برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ کشائی گوڑہ پولیس کے مطابق 20 سالہ پریملا جو چرلہ پلی علاقہ کے ساکن وینکنا کی بیٹی تھی ۔ یہ لڑکی پیشہ سے نرس تھی جو ایک خانگی ہاسپٹل میں ملازمت کرتی تھی ۔ گذشتہ ماہ 23 ڈسمبر کے دن وہ اپنی اسکوٹی گاڑی پر جارہی تھی کہ ایک موٹر سائیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔