حیدرآباد /24 مارچ ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں ایک ضعیف خاتون اور دو کمسن بچے ہلاک ہوگئے ۔ یہ علحدہ سڑک حادثات بہادرپورہ ، کندکور اور حیات نگر پولیس حدود میں پیش آئے ۔ بہادرپورہ پولیس کے مطابق 5 سالہ صوفیہ سلطانہ جو کشن باغ علاقہ کے ساکن محمد یوسف کی بیٹی تھی اپنے مکان کے قریب کھیل کے دوران ایک آٹو کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی تھی ۔ اس کمسن کا علاج جاری تھا اور علاقہ کی عوام اس لڑکی کی صحت کے تعلق سے کافی فکر مند تھے ۔ تاہم لڑکی آج صبح ہاسپٹل میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکی ۔ کندکور پولیس کے مطابق 5 سالہ امبائی پانڈو جو کندکور علاقہ کے ساکن جنگایا کا بیٹا تھا ۔ یہ کمسن اپنے مکان کے قریب کھیل میں مصروف تھا کہ ٹریکٹر کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ حیات نگر پولیس کے مطاقب 70 سالہ جمال بی جو حیات نگر علاقہ کے ساکن محمد جہانگیر کی بیوی تھی 22 مارچ کو سڑک عبور کرنے کے دوران ایک تیز رفتار کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی اور علاج کے دوران آج فوت ہوگئی ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔