حیدرآباد 19 جون (سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں اندرون 24 گھنٹے پیش آئے مختلف سڑک حادثات میں 7 افراد بشمول ایک کمسن ہلاک و دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ تاہم سنتوش نگر کے علاقہ میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ہلاک دو افراد کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔ گیس سلینڈر سے لدی لاری نے انھیں روند دیا۔ ہولناک حادثہ کے سبب ان دونوں کی شناخت فی الحال نہیں ہوپائی ہے۔ جبکہ ان کی ایکٹیوا موٹر سیکل کو لاری نے بُری طرح اپنی زد میں لے لیا۔ سنتوش نگر پولیس کے مطابق یہ حادثہ دوپہرکے وقت رکھشا پورم کے علاقہ میں پیش آیا۔ جہاں گیس سلینڈر سے لدی لاری نے ان دونوں کو جو موٹر سیکل پر سوار تھے، اپنی زد میں لے لیا اور دونوں برسر موقع ہلاک ہوگئے۔ ملک پیٹ پولیس کے مطابق 7 سالہ شائلماں جو دلسکھ نگر علاقہ کے ساکن سوریہ نارائنا کی بیٹی تھی، شالیونا نگر میں سڑک عبور کرنے کے دوران موٹر سائیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی تھی جو کل رات فوت ہوگئی۔ چادرگھاٹ پولیس کے مطابق 45 سالہ سدھاکر جو سرکاری ملازم بتایا گیا ہے، عنبرپیٹ علاقہ میں رہتا تھا وہ چادرگھاٹ کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران لاری کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ مائیلار دیو پلی پولیس کے مطابق 22 سالہ راجہ پرساد جو خانگی ملازم تھا، ریاست بہار سے تعلق رکھتا تھا، کل سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 55 سالہ راجو جو رحمت نگر میں رہتا تھا۔ پیشہ سے ہیلپر بتایا گیا۔ کل سڑک عبور کرنے کے دوران نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر وہ شدید زخمی ہوگیا تھا اور آج فوت ہوگیا۔ کارخانہ پولیس کے مطابق 44 سالہ بری جو شاہ میر پیٹ کا ساکن تھا، گزشتہ روز کارخانہ علاقہ میں چہل قدمی کررہا تھا کہ ایک تیز رفتار آٹو کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران آج فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔