سڑک حادثات میں سات افراد بشمول خاتون ہلاک

حیدرآباد /26 نومبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 7 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئی ۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 14 سالہ راجیش جو طالب علم تھا ۔ میڑچل علاقہ میں رہتا تھا ۔ آج صبح یہ طالب علم اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ ایک ٹریکٹر کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 29 سالہ پوجا جو پیشہ سے خانگی ملازم تھی بورا بنڈہ علاقہ کی ساکن بتائی گئی ہے ۔ جس کا آبائی مقام اترکھنڈ بتایا گیا ہے ۔ یہ خاتون اپنے بھتیجے اور والدہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر نارسنگی علاقہ میں ایک تقریب میں شرکت کیلئے جاری تھی کہ موٹر سائیکل روڈ ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی اور تینوں شدید زخمی ہوگئے ۔ علاج کے دوران خاتون پوجا فوت ہوگئی جبکہ اس کی والدہ اور بھتیجہ شدید زخمی ہوگئے ہیں ۔ میاں پور پولیس کے مطابق 35 سالہ آنند بابو جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ مدینہ گوڑہ آر ٹی سی کالونی میں رہتا تھا ۔ وہ 12 نومبر کے دن سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جو کل رات فوت ہوگیا ۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 47 سالہ سائیدلو جو پیشہ سے لاری ڈرائیور تھا ۔ چٹیا ضلع نلگنڈہ کا ساکن بتایا گیا ہے وہ کل اپنی لاری کو سڑک کے کنارے پارک کرنے کے بعد سڑک عبور کر رہا تھا کہ موٹر سائیکل کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ اپل پولیس کے مطابق 20 سالہ ارون سنگھ جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ دھول پیٹ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ 11 نومبر کے دن ارون سنگھ اپے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں کار کی زد میں آکر شدید زخمی ارون آج فوت ہوگیا ۔گچی باؤلی پولیس کے مطابق 35 سالہ ناگا کارتیک جو پیشہ سے سافٹ ویر ملازم تھا ۔ مائتری نگر کونڈا پور علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ 18 نومبر کے دن وہ اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔