سڑک حادثات میں دو نوجوان ہلاک

حیدرآباد /17 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ بالاپور اور جوبلی ہلز پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں دو نوجوان ہلاک ہوگئے ۔ بالاپور پولیس کے مطابق 19 سالہ حاجی پاشاہ جو پیشہ سے خانگی ملاز تھا ۔ علی نگر بالاپور میں رہتا تھا ۔ کل رات یہ نوجوان موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ ایک تیز رفتار لاری نے ٹکر دے دی اور وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ جوبلی ہلز پولیس کے مطابق 23 سالہ سندیپ جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ بورا بنڈہ علاقہ میں رہتا تھا ۔ کل رات یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ آگے جانے والی کار سے اس کی موٹر سائیکل ٹکراگئی اور شدید زخمی حالت میں یہ شخص فوت ہوگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔

بین طبقاتی شادی پر حملہ کرنے والے والد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ : زخمی بیٹی کا بیان
حیدرآباد /17 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) بین طبقاتی شادی کرنے کے خلاف باپ کے حملہ میں شدید زخمی مادھوری آج ہاسپٹل سے ڈسچارج ہوگئی ۔ یاد رہے کہ 19 ستمبر کو شوہر کے ہمراہ جارہی 20 سالہ مادھوری پر اس کے والد نے حملہ کردیا تھا ۔ تیز دھار ہتھیار سے کئے گئے اس قاتلانہ حملے میں مادھوری شدید زخمی ہوگئی اور اس کے بائیں ہاتھ کے دو ٹکڑے ہوگئے تھے ۔ یشودھا ہاسپٹل میں ماہر ڈاکٹرس کی نگرانی میں لڑکی کا علاج کیا گیا ۔ جس کے گلے چہرے اور گردن پر گہرے زخم آئے تھے ۔ اس لڑکی نے شوہر کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے والد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔