سڑک حادثات میں دو طالب علم ہلاک

حیدرآباد /26 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سیف آباد اور شاہ میر پیٹ حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں دو طالب علم ہلاک ہوگئے ہیں ۔ ایک مندر میں پوجا کے بعد اور دوسرا چرچ میں حاضری کے بعد واپس ہو رہے تھے ۔ سیف آباد پولیس کے مطابق 21 سالہ کرسٹوفر جو پنجہ گٹہ کالونی کے ساکن بالاگنگا دھر کا بیٹا تھا ۔ کل رات دیر گئے کرسٹوفر اپنے رشتہ دار جان ویلس کے ہمراہ موٹر سائیکل پر آرہا تھا کہ این ٹی آر گارڈن کے قریب حادثہ پیش آیا اور وہ ہلاک ہوگیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں کل کرسمس کے پیش نظر چرچ سے واپس ہو رہے تھے ۔ شاہ میر پیٹ پولیس کے مطابق 14 سالہ ابھئے ریڈی عرف سنی جو ترکاپلی کے ساکن مہیشور ریڈی کا بیٹا تھا ۔ آج وہ اپنے والد کی اجازت سے مندر جاکر واپس ہو رہا تھا کہ مخالف سمت سے ایک تیز رفتار لاری نے اسے ٹکر دے دی اور وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔