سڑک حادثات میں دو افراد ہلاک

حیدرآباد /29 مئی ( سیاست نیوز ) راجندر نگر اور ملک پیٹ پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 30 سالہ ایلانا جو پیشہ سے ڈرائیور تھا ۔ ٹپر لاری چلایا کرتا تھا کل شام وہ ٹپر لاری لیکر ماناسا ہلز علاقہ سے گذر رہا تھا کہ ٹپر لاری الٹ گئی اور وہ شدید زخمی ہوکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ ملک پیٹ پولیس کے مطابق 55 سالہ گھنشیام ورما جو پیشہ سے تاجر تھا ۔ آر ٹی سی کالونی ایل بی نگر میں رہتا تھا ۔ جس کا آبائی مقام اترپردیش بتایا گیا ہے کل وہ سوپر بازار علاقہ سے گذر رہا تھا کہ لاری ٹپر کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران رات دیر گئے فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔

جہیز ہراسانی پر خاتون کی خودکشی
حیدرآباد /29 مئی ( سیاست نیوز ) شوہر کے ناجائز تعلقات اور سسرالی رشتہ داروں کی زائد جہیز کیلئے ہراسانی ایک خاتون کی موت کا سبب بن گئی ۔یہ واقعہ سعیدآباد پولیس حدود میں پیش آیا جہاں 22 سالہ للیتا نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ للیتا خواجہ باغ جھونپڑپٹی علاقہ کے ساکن روی کی بیوی تھی ۔ سال 2012 میں ان کی شادی ہوئی تھی ۔ روی پیشہ سے آٹو ڈرائیور بتایا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق للیتا کو اپنے شوہر کے کردار پر شبہ تھا ۔ شوہر اور سسرالی رشتہ دار اس خاتون کو پریشان بھی کر رہے تھے کہ وہ ان کے زائد جہیز کے مطالبہ کو فوری پورا کرے جس سے تنگ آکر اس خاتون نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔