سڑک حادثات میں خاتون سمیت 4 افراد ہلاک

حیدرآباد /11 نومبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد اور سائبرآباد کے حدود میں پیش آئے مختلف سڑک حادثات میں 4 افراد بشمول ایک خاتون فوت ہوگئی ۔ گولکنڈہ پولیس کے مطابق ایک 25 تا 30 سالہ نوجوان جو کل شام ٹولی چوکی علاقہ سے گذر رہا تھا کہ سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں ایک خانگی انجینئیرنگ کالج کی بس میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ نارسنگی پولیس کے مطابق 30 سالہ پوشپا اماں جو شنکر پلی علاقہ کے ساکن متیالو کی بیوی تھی گذشتہ روز اپنے شوہر اور دو لڑکوں کے ہمراہ جارہی تھی حادثہ پیش آیا تھا اور اس حادثہ میں اس خاتون کا شوہر متیالو اور اس کا لڑکا فوت ہوگئے تھے ۔ اس حادثہ میں پوشیا اماں اور اس کا ایک اور لڑکا شدید زخمی ہوگئے تھے جن کا علاج جاری تھا ۔ جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی ۔ اور اس کا بیٹا زیر علاج ہے ۔ گاندھی نگر پولیس کے مطابق 85 سالہ کے سریش جو ٹینک بنڈ پر سڑک عبور کرنے کے دوران نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ نریڈمیڈ پولیس کے مطابق 19 سالہ یشونت جو سفیل گوڑہ علاقہ کا ساکن تھا 9 نومبر کے دن اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا ۔ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور وہ شدید زخمی حالت میں آج فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔