حیدرآباد 26 جون (سیاست نیوز ) گولکنڈہ ۔ الوال وسنتا پورم ضلع رنگا ریڈی میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ گولکنڈہ پولیس کے مطابق کل رات دیر گئے سات گنبد چوراہے کے قریب پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 24 سالہ سکھدیو جو ٹولی چوکی علاقہ میں واقع ایک مٹھائی کی دکان میں کام کرتا تھا ‘ اپنے ساتھی گوتم کے ہمراہ موٹر سیکل پر رات دیر گئے سات گنبد علاقہ سے گذر رہا تھا کہ ایک تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر سکھدیو برسر موقع ہلاک اور اس کا ساتھی شدید زخمی ہوگیا ۔ الوال پولیس کے مطابق 36 سالہ راجی ریڈی جو پیشہ سے کسان دباک ضلع میدک کا ساکن تھا کل موٹر سیکل پر الوال کے علاقہ سے گذر رہا تھا کہ نا معلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور آج علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ بسنتا ورم پولیس کے مطابق 64 سالہ کرشنا ریڈی جو پیشہ سے لیبر تھا ۔ 21 جون کے دن آٹو میں سفر کررہا تھاکہ آٹو اُلٹ جانے کے سبب وہ شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔