سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک –

حیدرآباد 15 مئی (سیاست نیوز) سائبر آباد کے حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے تاہم ان میں ایک کی شناخت نہیں ہوپائی ہے ۔ ونستھلی پورم کے علاقہ میں ایک تیز رفتار کار نے ایک ضعیف شخص 65 سالہ سارنگا بائی کوٹکر دے دی جو سڑک عبور کررہا تھا ۔ اس کار کی ٹکر سے یہ ضعیف شخص ہلاک ہوگیا ۔ اس کار نے سارنگا بائی کو زد میں لینے سے قبل 2 موٹر سیکلوں اور ایک آٹو کو بھی ٹکر دیتے ہوئے دہشت مچادی تھی تاہم ضعیف شخص کو ٹکر دینے کے بعد کار ڈرائیور کار چھوڑ کر فرار ہوگیا ۔ آدی بٹلہ پولیس کے مطابق 40 سالہ نرسمہا ریڈی جو پیشہ سے لیبر تھا ۔ حیات نگر میں رہتا تھا ۔ 13 مئی کے دن ریڈی سڑک عبور کرنے کی کوشش میں نا معلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ پہاڑی شریف پولیس کے مطابق 45 سالہ شخص جس کی شناخت نہیں ہوپائی ہے اوٹر رنگ روڈ پر 13 مئی کے دن پیش آئے سڑک حادثہ میں نا معلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جو کل رات علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔