حیدرآباد /23 فروری ( سیاست نیوز ) پہاڑی شریف اور پیٹ بشیرآباد حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ پہاڑی شریف پولیس کے مطابق 25 سالہ محمد اظہرالدین جو طالب علم تھا گلشن اقبال کالونی حافظ بابا نگر کے ساکن محمد رحیم الدین کا بیٹا تھا ۔ اظہرالدین گذشتہ ہفتہ اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور وہ شدید زخمی حالت میں آج فوت ہوگیا ۔ پہاڑی شریف پولیس کے مطابق 28 سالہ راملو جو پہاڑی شریف علاقہ کا ساکن تھا ۔ کل رات موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ ترکا یمجال کے علاقہ میں آوٹر رنگ روڈ سرویس روڈ پر حادثہ پیش آیا اور اس حادثہ میں راملو برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پیٹ بشیرآباد پولیس کے مطابق 75 سالہ نرسمہا جو کومپلی علاقہ کا ساکن تھا 17 فروری کے دن وہ اپنے مکان کے قریب سڑک عبور کرنے کی کوشش میں تھا کہ آر ٹی سی بس کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران آج فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔