حیدرآباد /24 نومبر ( سیاست نیوز ) سعیدآباد گاندھی نگر اور ناچارم پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ سعیدآباد پولیس کے مطابق 85 سالہ احمد خان جو کل سعیدآباد اور آئی ایس سدن کے درمیان سڑک پرسے گذر رہے تھے کہ ان کی ٹی وی ایس گاڑی بے قابو ہوئی اور وہ اچانک گرکر شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری ایک کارپوریٹ ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگئے ۔ گاندھی نگر پولیس کے مطابق 20 سالہ راج کرن کل گاندھی نگر کے علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ راج کرن اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھا ایک تیز رفتار کار کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔جبکہ اس کا ساتھی اس حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا ۔ کرن شکر نگر علاقہ کا ساکن تھا جو پیشہ سے خانگی ملازم بتایا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق وہ اپنے ساتھی کے ہمراہ ٹی آر ایس کی میٹنگ میں شرکت کیلئے تیاریاں کر رہا تھا آج صبح یہ حادثہ پیش آیا ۔ ناچارم پولیس کے مطابق 29 سالہ بردھوراج جو پیشہ سے سافٹ ویر ملازم تھا ۔ اپل میں رہتا تھا کل رات دیر گئے وہ اپنی موٹر سائیل پر جارہا تھا کہ حادثہ پیش آیا اور وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔