سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک

حیدرآباد ۔ 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) حسینی علم، افضل گنج اور ٹپہ چبوترہ پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 3 افراد فوت ہوگئے۔ حسینی علم پولیس کے مطابق 19 سالہ محمد قادر جو شکرگنج علاقہ کے ساکن محمد اسمعیل کا بیٹا تھا، پیشہ سے چوڑیوں کی دوکان میں سیلز مین کا کام کرتا تھا۔ وہ آج اپنی ایکٹیوا موٹرسیکل پر حسینی علم کے علاقہ سے گذر رہا تھاکہ ڈی سی ایم گاڑی کی زد میں آ کر برسرموقع ہلاک ہوگیا۔ افضل گنج پولیس کے مطابق 50 سالہ افضل حسین جو اندرا نگر مشیرآباد علاقہ کا ساکن پیشہ سے مزدور بتایا گیا۔ وہ گذشتہ ہفتہ رنگ محل کے علاقہ میں پیش آئے حادثہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا۔ ایک تیز رفتار آر ٹی سی بس کی زد میں آ کر افضل حسین شدید زخمی ہوگئے تھے اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئے۔ ٹپہ چبوترا پولیس کے مطابق کل رات 25 سالہ پاپیا سڑک عبور کرنے کے دوران نامعلوم گاڑی کی زد میں آ کر فوت ہوگیا۔ پاپایا گڈی ملکاپور علاقہ کا ساکن تھا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔