حیدرآباد /5 فروری ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ بوئن پلی پولیس کے مطابق 44 سالہ اختر قریشی جو پیشہ سے ڈرائیور اولڈ ملک پیٹ میں رہتا تھا ۔ آرمی کوارٹرس کے قریب سڑک عبور کرنے کے دوران نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا جو رات دیر گئے علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔
دنڈیگل پولیس کے مطابق 19 سالہ سندیپ کمار جو بی ٹیک سال دوم کا طالب علم تھا وہ کل شام اپنے کالج سے بس میں واپس جارہا تھا کہ بہادر پلی کے علاقہ میں وہ بس سے مشتبہ طور پر گرکر شدید زخمی ہوگیا اور رات دیر گئے فوت ہوگیا ۔ گاندھی نگر پولیس کے مطابق 55 سالہ مہنکال جو بھولک پور علاقہ کا ساکن تھا سڑک عبور کرنے کے دوران نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔