حیدرآباد /7 نومبر ( سیاست نیوز ) سائبرآباد اور رچہ کنڈہ حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے ۔ راجندر نگر پولیس کے مطابق 32 سالہ وشنو جو عطاپور علاقہ کے ساکن جنگیا کا بیٹا تھا ۔ یہ شخص پیشہ سے جمنی ٹی وی کارپوریٹر بتایا گیا ہے جو آج صبح راجندر نگر علاقہ سے گذر رہا تھا کہ پلر نمبر 216 کے قریب حادثہ پیش آیا ۔ اس شخص کی موٹر سائیکل روڈ ڈیوائڈر سے ٹکرا کر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں اس شخص کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگیا ۔ کشائی گوڑہ پولیس کے مطابق 58 سالہ نرسمہا ریڈی جو پیشہ سے تاجر تھا ۔ یکم نومبر کے دن یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل تیز رفتار کار کی زد میں آگئی اور شدید زخمی حالت میں یہ شخص آج علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ گچی باؤلی پولیس کے مطابق 24 سالہ شیوا کمار جو پیشہ سے انیمیشن ڈیزائنر تھا مادھاپور کے ایک ہاسٹل میں رہتا تھا ۔ جس کا آبائی مقام ضلع کریم نگر بتایا گیا ہے ۔ آج صبح یہ شخص اس کے ساتھی کے ہمراہ کار میں جارہا تھا کہ کار اُلٹ گئی اور شدید زخمی حالت میں کمار فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔