سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک

حیدرآباد۔/18 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شہر ونواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ بیگم پیٹ پولیس کے مطابق 42 سالہ نرسنگ راؤ جو پیشہ سے کار ڈرائیور تھا۔ اپل علاقہ میں رہتا تھا آج صبح یہ شخص کار میں بیگم پیٹ علاقہ سے گذر رہا تھا کہ کار بے قابو ہوکر میٹرو ریل کے پلر سے ٹکراگئی اور اس حادثہ میں نرسنگ راؤ شدید زخمی ہوگیا جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ بالا نگر پولیس کے مطابق 22 سالہ بابو راؤ جو پیشہ سے باورچی تھا امیر پیٹ علاقہ میں رہتا تھا۔ جس کا آبائی مقام ناندیڑ بتایا گیا ہے۔ کل یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ تیزرفتار لاری نے ٹکر دے دی اور شدید زخمی حالت میں یہ شخص فوت ہوگیا۔ کوکٹ پلی پولیس کے مطابق 48 سالہ با با راؤ جو پیشہ سے مزدور تھا کوکٹ پلی علاقہ میں رہتا تھا۔ 17 اگسٹ کو سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں یہ شخص شدید زخمی ہوگیا تھا۔ جس کو فوری علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران وہ کل رات فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔