سڑک حادثات میں تین افراد کی موت

حیدرآباد /21 جنوری ( سیاست نیوز ) افضل گنج چکڑپلی اور جیڈی میٹلہ پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد فوت ہوگئے ۔ افضل گنج پولیس کے مطابق 45 سالہ محمد ریاض جو چھاونی یاقوت پورہ علاقہ کے ساکن محمد غوث کا بیٹا تھا ۔ افضل گنج کے علاقہ میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں یہ شخص تیز رفتار لاری کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ چکڑپلی پولیس کے مطابق 42 سالہ شیخ محبوب جو نلہ کنٹہ علاقہ کے ساکن شیخ عبدالرزاق کا بیٹا تھا پیشہ سے چوکیدار بتایا گیا ہے ۔ 19 جنوری کے دن ایک ہوٹل کے قریب سڑک عبور کرنے کی کوشش میں نامعلوم تیز رفتار کار کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا جو کل رات علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ جیڈی میٹلہ پولیس کے مطابق 41 سالہ راجندر جو پیشہ سے چوکیدار اور جیڈی میٹلہ میں رہتا تھا ۔ آج صبح سڑک عبور کرنے کے دوران آر ٹی سی بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔