حیدرآباد ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبر آباد میں پیش آئے مختلف سڑک حادثات میں تین افراد بشمول کمسن لڑکی ہلاک ہوگئی ۔ چندرائن گٹہ پولیس کے بموجب تین سالہ علیمہ ساکن غوث نگر کل آٹو ٹرالی کی ٹکر سے اپنے مکان کے قریب شدید زخمی ہوگئی تھی اور اسے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکی ۔ چندرائن گٹہ پولیس نے ٹرالی ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ اسی قسم کے ایک واقعہ میں 37 سالہ تاجر سید مصطفیٰ جو کل نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے اپنے مکان واقع حکیم پیٹ کے قریب حادثہ کا شکار ہوگیا تھا آج دوران علاج دواخانہ عثمانیہ میں فوت ہوگیا ۔ اس حادثہ میں مصطفیٰ کا ساتھی اسمعیل بھی زخمی ہوگیا تھا ۔ نارسنگی پولیس کے بموجب 35 سالہ جی گنڈپا ساکن بنڈلہ گوڑہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے نارسنگی کے علاقے میسماں مندر کے قریب حادثہ کا شکار ہوگیا تھا اور آج فوت ہوگیا ۔