حیدرآباد۔/4اگسٹ، ( سیاست نیوز) شہر میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد بشمول ایک کمسن لڑکی ہلاک ہوگئی۔ کلثوم پورہ پولیس کے مطابق دو سالہ بندھو جو سبزی منڈی علاقہ کے ساکن شخص سوملاکی بیٹی تھی کل اس کے مکان کے قریب کھیل میں مصروف تھی کہ ایک تیز رفتار کار نے اس کمسن کو ٹکر دے دی اس حادثہ میں شدید زخمی بندھو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی۔ سیف آباد پولیس کے مطابق 28 سالہ رمیش کمار جو سافٹ ویر انجینئر چیگنٹہ ضلع میدک سے تعلق رکھتا تھا کل یہ شخص اس کے رشتہ دار سے ملاقات کے لئے آیا تھا اور آر ٹی سی بس میں واپس ہورہا تھا کہ یوسف گوڑہ سے یہ شخص آر ٹی سی بس میں سوار ہوا اور لکڑی کا پل سرکل پر چلتی بس سے اُترنے کے دوران حادثہ کا شکار ہوگیا۔ شدید زخمی حالت میں فوت ہوگیا۔ کنچن باغ پولیس کے مطابق50 سالہ نرسیا جو سنٹرنگ میستری تھا بالا پور کے علاقہ میں رہتا تھا کل یہ شخص موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ ایک خانگی انجینئرنگ کالج کی بس نے اسے ٹکر دے دی جو علاج کے دوران آج فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔