حیدرآباد ۔ 28 نومبر (سیاست نیوز) شہر میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد بشمول دو طالبات ہلاک ہوگئیں۔ گاندھی نگر حدود میں آر ٹی سی بس کی دہشت سے دو طالبات ہلاک ہوگئیں جو کالج جارہی تھیں۔ بتایا جاتا ہیکہ اچانک بے قابو ہوئی بس کی زد میں دو طالبات کے علاوہ کئی موٹر سیکلیں بھی تباہ ہوگئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق 22 سالہ سید حسینہ رضا جو ایم بی اے کی طالبہ تھیں، نریڈ میٹ علاقہ کے ساکن سید علی رضا کی بیٹی بتائی گئی ہیں، کے علاوہ کیسرا دمائی گوڑہ علاقہ کے ساکن سبرامنیم شرما کی بیٹی ششمیتا شرما جس کی عمر 22 سال اسی حادثہ میں ہلاک ہوگئیں۔ دونوں اپنی اسکول گاڑی پر سوار تھیں کہ اچانک بے قابو ہوئی اس آر ٹی سی بس کی دہشت کا شکار ہوگئیں۔ شدید زخمی حالت میں مقامی افراد نے ان طالبات کو مشیرآباد کے ہاسپٹل منتقل کیا جہاں علاج کے دوران وہ فوت ہوگئیں جبکہ چندرائن گٹہ پولیس حدود میں 28 سالہ محمد علیم سڑک حادثہ میں فوت ہوگیا۔ پولیس کے مطابق محمد علیم گولہ پلی ضلع نلگنڈہ علاقہ کے ساکن محمد سلیم کا بیٹا تھا جو پیشہ سے فوٹو گرافر بتایا گیا ہے۔ یہ شخص چندرائن گٹہ علاقہ میں کل رات سڑک عبور کررہا تھا کہ آٹو کی زد میں آ کر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔