سڑک حادثات میں تین افراد بشمول خاتون ہلاک

حیدرآباد /24 فروری ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 3 افراد بشمول ایک خاتون ہلاک ہوگئی ۔ بہادرپورہ پولیس کے مطابق 38 سالہ بی ویرامنی جو وامبے کالونی مائیلاردیوپلی علاقہ کے ساکن ملیش کی بیوی پیشہ سے آنگن واڑی ٹیچر بتائی گئی ہے ۔ یہ خاتون آج بہادرپورہ کے علاقہ میں سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں ایک ڈی سی ایم کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی ۔ ونستھلی پورم پولیس کے مطابق 55 سالہ راجو جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا ۔ ونستھلی پورم کے حدود میں اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ 13 فروری کو انجاپور علاقہ میں حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ میں راجو اور اس کا ساتھی شدید زخمی ہوگئے ۔ جنہیں ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران کل رات راجو فوت ہوگیا ۔ میالاپور پولیس کے مطابق 30 سالہ نوین جو بے روزگار تھا ۔ ملازمت کی تلاش میں گھوم رہا تھا ۔ گذشتہ دنوں 19 فروری کو میاں پور کے علاقہ میں یہ شخص سڑک عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔