جمعرات , دسمبر 12 2024

سڑکوں کے تعمیری کاموں میں لاپرواہی پر برہمی

میدک میں محکمہ عمارات و شوارع کے عہدیداروں سے رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی کا خطاب

میدک۔/19 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی میدک ایم پدما دیویندرریڈی نے آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں محکمہ عمارات و شوارع کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ حلقہ اسمبلی میدک کے منڈلوں اور ٹاؤن میں جاری سڑکوں کی ترقی کے کاموں سے متعلق تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے انجینئرس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محض سڑکوں کی ترقی کے کاموں میں غفلت و تساہلی کے برتنے سے میری کامیابی کے فیصد میں کمی پیش آئی۔ کم از کم 10 ہزار ووٹ مجھے مزید مل سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیگنٹہ تا میدک جاری سڑک کی توسیع کے باقی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرلیا جائے۔ اس طرح کیموٹر تا انجی تانڈہ کوروی پلی تا گاؤلا پلی سڑک اور درمیان میں واقع کلورٹ کے کاموں کو عاجلانہ طور پر تکمیل کرلیا جائے۔ اس طرح ممدا پور کلورٹ کے تعمیری کاموں کو فوری طور پر آغاز کردیں۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ میدک ٹاون کی اہم شاہراہ کی عدم تکمیل کاموں کا آغاز اندرون تین یوم کردیں ورنہ کنٹراکٹر کی تبدیلی کردی جائے گی۔ ایم ایل اے میدک نے اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انجینئرس سے استفسار کیا کہ میدک تا سردھنی سڑک کے کام کیوںمکمل نہیں ہوئے جبکہ 4 سال کا عرصہ ہوگیا۔ اس طرح انہوں نے پشپال واگو برج کے ادھورے کام مکمل کردینے کی ہدایت دی اور میدک کے بڑا بازار کی سڑک کی توسیع کے کاموں کا انہوں نے معائنہ کیا۔ ٹرانسکو ڈی ای پر برہمی کا اظہار کیا۔ فی الفور درمیان میں واقع برقی پولس ہٹانے کی ہدایت دی۔ اس اجلاس میں ای ای آر اینڈ مسٹر چندریا، ڈپٹی ای ای رمنا ریڈی، اسسٹنٹ انجینئرس ریاض علی، مگلیا صدر نشین بلدیہ مسٹر اے ملکارجن گوڑ، وائس چیرمین بلدیہ راگی اشوک بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT