آر اینڈ بی عہدیداروں پر 5 ہزارروپئے جرمانہ
کریم نگر۔/3 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سڑک کی تعمیر پوری ہونے کے بعد جابجا سڑکوں پر مٹی کے ڈھیر چھوڑ دیئے جانے پر کارپوریشن میئر رویندر سنگھ نے سخت اعتراض کیا۔ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کی اچانک انہوں نے تنقیح کی اور عدالت تا منچریال چوراہا آر اینڈ بی سڑک پر دونوں جانب مٹی کے ڈھیر اور ڈرینج کی تعمیر میں کھدوائی کے بعد سڑک پر مٹی وہاں سے نہ ہٹائے جانے کے باعث عوام کو ہورہی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے میئر سردار رویندر سنگھ نے فوری اقدامات کئے اور برسر موقع مجلس بلدیہ کارپوریشن اور دیگرعملے کو طلب کرکے جے سی بی مشینوں کے ذریعہ مٹی کے ڈھیر کو ٹریکٹرس میں بھر کر منتقل کروادیا۔ کنٹراکٹرس کی جانب سے من مانی طریقہ سے کاموں کی انجام دہی اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے پر آر اینڈ بی عہدیداروں پر 5ہزار روپئے جرمانہ عائد کردیا۔ مٹی کے ڈھیر جن مقامات پر جمع تھے اسی حساب سے ایک ہزار جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس طرح جملہ پانچ ہزار روپئے جرمانہ وصول کیا گیا اور آر اینڈ بی ای ای کو اطلاع دیتے ہوئے فوری جرمانہ کی ادائیگی کا مشورہ دیا۔ شہر کے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں شہر کے مختلف علاقوں میں مٹی کے ڈھیر نہ ہٹانے پر انہیں ذمہ دار ٹہراتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔