٭ 24 سالہ نوجوان بیٹسمین اسمتھ کی گھریلو میدان پر پہلی سنچری
٭ ہاڈین کی ایک اور نصف سنچری، آسٹریلیا 326 رنز پر آل آوٹ
٭ اسٹوکس نے کیریئر کی بہترین بولنگ 99/6 کی، انگلینڈ 8/1
سڈنی ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نوجوان بیٹسمین اسٹیو اسمتھ نے اپنے گھریلو میدان پر پہلی مرتبہ سنچری اسکور کی لیکن سڈنی ٹسٹ کے پہلے دن مجموعی طور پر 11 وکٹوں کا زوال ہوا۔ 24 سالہ اسمتھ نے رواں سیریز اپنی دوسری اور مجموعی طور پر ایشیس سیریز تیسری ٹسٹ سنچری اسکور کرلی ہے جبکہ آسٹریلیائی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 76 اوورس میں 326 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔ اسمتھ نے 154 گیندوں میں 17 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 115 رنز اسکور کرنے کے علاوہ چھٹی وکٹ کیلئے 128 رنز کی پارٹنر شپ اس موقع پر نبھائی جب آسٹریلیائی ٹیم 97/5 نازک صورتحال سے دوچار تھی۔
قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور اپنے قطعی 11 کھلاڑیوں میں 3 تبدیلیاں کرتے ہوئے فاسٹ بولر بویارڈ رنکن لیگ اسپنر بورت وک اور آل راونڈ جی ایس بیالنس کو ٹیم میں شامل کیا۔ انگلش بولروں نے مقابلہ کا بہتر آغاز کرتے ہوئے چھٹے اوور میں جارحانہ اوپنر ڈیویڈ وارنر کی وکٹ حاصل کی۔ اسٹیوڈ براڈ نے وارنر کی اننگز کو 20 گیندوں پر 16 رنز جس میں 3 چوکے شامل ہیں، پر بولڈ کرتے ہوئے ختم کی۔ 51 کے مجموعی اسکور پر دوسرے اوپنر کرس راجرس 39 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 11 رنز بنا کر انگلینڈ کیلئے سب سے کامیاب ترین بولر بین اسٹوکس کا پہلا شکار بنے۔ نمبر 3 پر شین واٹسن نے 59 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ کپتان مائیکل کلارک 29 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 10 رنز اسکور کئے جبکہ جارج بیلی کی اننگز 8 گیندوں میں ایک رن تک محدود رہی۔
اندرون 100 رنز سرفہرست پانچ کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد لوور آرڈر میں براڈ ہاڈین نے 90 گیندوں میں 13 چوکوں کی مدد سے 75 رنز اسکور کئے۔ دیگر بیٹسمینوں میں مچل جانسن نے 32 گیندوں میں 12 اور ریان ہارس نے 27 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تیز رفتار 22 رنز اسکور کئے۔ انگلینڈ کیلئے آل راونڈر بین اسٹوکس نے اپنے کیریئر کی تاحال شاندار بولنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورس میں 99 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اسٹوکس نے رواں سیریز کے دوران تیسرے ٹسٹ میں بھی سنچری اسکور کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی بہترین اننگز کھیلی ہے۔
دیگر بولروں میں اسٹویڈ براڈ نے 19.5 اوورس میں 65 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ علاوہ ازیں جیمس اینڈرسن 21 اوورس میں 67 رنز کے عوض اور کیریئر کا آغاز کرنے والے لیگ اسپنر بورتھ وک نے 7 اوور میں 49 رنز کے عوض مچل جانسن کی وکٹ حاصل کی۔ انگلش ٹیم کی پہلی اننگز کا ناقص آغاز ہوا جیسا کہ اسے 6 اوورس کے کھیل میں اپنی پہلی وکٹ 6 رنز کے مجموعی اسکور پر اس وقت گنوانی پڑی جب مچل جانسن نے مائیکل کیریبیری کو آوٹ کیا۔ کیریبیری آوٹ ہونے سے قبل 9 گیندوں میں اپنا کھاتا نہیں کھول پائے۔ تاہم انہیں پویلین کی راہ اس وقت اختیار کرنی پڑی جب جانسن کی ایک گیند کو وہ فلک کی جسے لیگ سلپ پر نیتھن لیون نے شاندار کیچ میں تبدیل کیا۔ دریں اثناء دن کے اختتام پر کپتان الیسٹرکک 17 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 7 رنز اسکور کرلئے ہیں جبکہ نائٹ واچ مین جیمس اینڈرسن 10 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد ایک رن اسکور کیا ہے۔ جانسن نے 3 اوورس میں 3 رنز دیکر وکٹ حاصل کی۔