نئی دہلی۔/6فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ دہلی میں اسمبلی انتخابات فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہوگئے ہیں چیف منسٹر عہدہ کے خواہشمند 2امیدوار اویند کیجروال ( عام آدمی پارٹی) اور کرن بیدی ( بی جے پی ) نے آج اپنی اپنی کامیابی کیلئے مقدس مقامات پہنچ کر آشیرواد حاصل کیا۔ کرن بیدی نے پنے حلقہ کرشنا نگر میں واقع گردوارہ میں حاضری دی اور یہاں لنگر کیلئے روٹیاں بیلتے ہوئے دیکھی گئیں۔ اس موقع پر کرن بیدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ پہلی بار نہیں کیا ہے اور بچپن میں اکثر و بیشتر امرتسر کے گردواروں پر حاضری دیتی تھی اور اسکول کے زمانہ میں چرچ بھی جایا کرتی تھی۔ میں تمام مذاہب کا احترام کرتی ہوں ، میں نے بچپن سے ہی سرودھرما کا درس حاصل کیا ہے۔ طوفانی انتخابی مہم کے بعد اروند کیجروال نے آج صبح اپنے مکان میں یوگا کیا اور حجامت کیلئے ہیر کٹنگ سیلون پہنچے بعد ازاں اپنے انتخابی حلقہ میں واقع گردوارہ رکاب گنج اور برلا مندر پر حاضری دی۔ انہوں نے بتایا کہ میرے حلقہ میں واقع تمام منادر اور گردواروں کو جائیں گے اور یہ دعا کریں گے کہ سچ کی جیت ہو اور عام آدمی سرخرو ہو ۔ واضح رہے کہ ہفتہ کے دن انتخابات میں بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان اصل مقابلہ ہوگا جبکہ انتخابی مہم کل اختتام پذیر ہوگئی۔ مہم کے دوران سیاسی لیڈروں اور امیدواروں نے ایک دوسرے پر شخصی حملے، الزامات اور جوابی الزامات عائد کئے تھے۔ اروند کیجروال نئی دہلی کے باوقار حلقہ سے مقابلہ میں ہیں جبکہ کرن بیدی بی جے پی کے مضبوط گڑھ حلقہ کرشنا نگر سے قسمت آزمارہی ہیں۔