سچن کے نام پر ’اپریل فول‘

نئی دہلی۔یکم اپریل ۔ (سیاست ڈاٹ کام) تمام میڈیا خصوصاً ہندوستانی ذرائع ابلاغ میں آج اس وقت ہلچل مچ گئی جب یہ خبر سامنے آئی کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) عظیم بلے باز سچن تنڈولکر کو ڈنکن فلیچر کی جگہ نیشنل ٹیم کا کوچ بنا رہا ہے۔سچن کی بحیثیت کوچ تقرری کے حوالے سے بی سی سی آئی کا صحافتی بیان بھی سامنے آیالیکن تمام ہی حلقوں کو اس وقت شدید دھکا لگا جب یہ پتہ چلا کہ یہ خبر فرضیہے جس کے ذریعے ہندوستانی عوام کو ’اپریل فول‘ بنایا گیا۔اس خبر کے غلط ثابت ہونے سے قبل فیس بک اور ٹوئٹر پر اس کے خوب چرچے رہے۔اس سے قبل اطلاع دی گئی تھی کہ بی سی سی آئی سچن سے تین سالہ معاہدے پر رضامند ہو گیا ہے اور انہیں فلیچر کی جگہ نیا کوچ بنایا جا رہا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یہ فیصلہ این سرینواسن، روی شاستری، ایم ایس دھونی اور ویراٹ کوہلی کی مشاورت سے کیا گیا۔اس فرضی پریس ریلیز میں صدر بی سی سی آئی جگموہن ڈالمیا اور ہندوستانی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے تبصرے بھی موجود تھے۔