لندن۔ 23؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ برطانیہ کی مشہور ایسٹ انڈیا کمپنی نے ہندوستانی سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر کے اعزاز میں سکّے جاری کئے ہے۔ ان سونے کے سکوں کی فی کس قیمت 12 ہزار پونڈ مقرر کی گئی ہے۔ سچن تنڈولکر جنھوں نے ہندوستانی کرکٹ کی 24 برسوں تک نمائندگی کرتے ہوئے ایک شاندار کریر قائم کیا ہے اور ان کے اعزاز میں برطانوی کمپنی نے 210 مخصوص سکے جاری کئے ہے۔ 200 گرام وزنی ان سکوں کی اجرائی دراصل سچن تنڈولکر کے شاندار کرکٹ کریر کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ لندن سے تعلق رکھنے والی کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 200 گرام کا ہر سکہ اپنی نوعیت کا ایک شاندار سکہ ہوگا جس کی تیاری اور خوبصورتی کے لئے خاص توجہ دی گئی ہے اور یہ کمپنی کی سند کے علاوہ سچن تنڈولکر کے دستخط کردہ بیاٹ کے ساتھ فراہم کیا جائے گا۔ سچن تنڈولکر نے اسے اپنے لئے ایک شاندار اعزاز قرار دیا۔