سچن کی کتاب علاقائی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگی

ممبئی ۔ 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) غیرمعمولی مانگ کی وجہ سے پبلشرس نے فیصلہ کیا ہیکہ سچن تنڈولکر کی خودنوشت ’’پلینگ اٹ مائی وے‘‘ کو علاقائی زبانوں میں بھی فراہم کیا جائے گا۔ مختلف پبلیشرس کی جانب سے دلچسپی دکھائے جانے کے باوجود ہیچٹے انڈیا میں مشترکہ طور پر سچن تنڈولکر کی خودنوشت پبلش کی ہے۔ دریں اثنا ہیچٹے انڈیا پبلیشر کی پولامی چٹرجی نے کہا ہیکہ ہمیں سچن تنڈولکر کی کتاب کا شاندار ردعمل ملا ہے لہٰذا ہم نے فیصلہ کیا ہیکہ اس کتاب کو اب ہندوستان کی مختلف زبانوں کے پبلیشرس کے ساتھ ہی منظرعام پر لائیں۔ نیز ہم دیگر زبانوں مراٹھی، ہندی، گجراتی، ملیالم، آسامی، تلگو اور بنگالی میں اس کتاب کو شائع کرنا چاہتے ہیں اور آئندہ چند ہفتوں کے دوران ہم اپنے ساتھی پبلیشرس کے متعلق قطعی فیصلہ کریں گے اور 2015ء موسم گرما میں علاقائی زبانوں میں کتابیں دستیاب ہوں گی۔ یاد رہے 6 نومبر کو شائع ہونے والی سچن تنڈولکر کی کتاب افسانہ اور غیرافسانوی زمرہ کی کتابوں کے تمام ریکارڈس توڑ دیئے ہیں۔