ممبئی ۔ 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سچن تنڈولکر کی سوانح حیات ’’پلیئنگ اِٹ مائی وے‘‘ جس کا کافی بے چینی سے انتظار کیا جارہا تھا، آج ممبئی کے آئی ٹی سی مراٹھا میں منعقدہ رنگارنگ تقریب میں رسم اجرائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر ماضی اور موجودہ کرکٹرس کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس پروگرام کے کنوینر ہرشا بھوگلے تھے، جنہوں نے سچن تنڈولکر کے شاندار کریر کے بارے میں شرکاء کو واقف کرایا اور انہوں نے سنیل گواسکر، دلیپ وینگسرکر، واسو پرانجپے کے علاوہ سورو گنگولی، راہول ڈراویڈ، وی وی ایس لکشمن کے تاثرات بھی بیان کئے۔ کتاب کی رسمی طور پر اجرائی کے بعد سچن تنڈولکر نے اس کی پہلی نقل اپنے پہلے کوچ اور گرو رماکانت اچریکر کو پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتاب ایک الگ نوعیت کی اننگ ہے۔ وہ گزشتہ تین سال سے اس کتاب کی تیاری میں مصروف رہے۔ انہوں نے پوری دیانت داری اور سنجیدگی کے ساتھ زندگی کے مختلف پہلوؤں کو پیش کیا ہے اور توقع ہے کہ قارئین اس کتاب سے لطف اندوز ہوں گے۔ ہندوستان میں اس کتاب کی ذمہ داری ہیچیٹ انڈیا کو دی گئی ہے۔ کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر تھامس ابراہم نے کہا کہ یہ کرکٹ کی تاریخ اور ایک اہم شخصیت کی غیرمعمولی کتاب ہے۔ اس سے کرکٹ کے ہر شیدائی کو یقیناً دلچسپی ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سچن تنڈولکر اس ادارہ کی فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔ ان کی سوانح حیات کی اشاعت کے بعد یقینا یہ کتاب جس طرح مصنف مقبولیت رکھتے ہیں، یہ بھی مقبولیت کے نئے ریکارڈس قائم کرے گی۔ اس کتاب نے پہلے ہی ایک ریکارڈ یہ قائم کیا ہے کہ پبلیشرس کو افتتاح کے دن ہی ایک لاکھ کاپیوں کا آرڈر موصول ہوا۔ یہ کتاب بہت جلد ساری دنیا میں جاری کی جائے گی۔