ابوظہبی ۔ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمیئر لیگ کے کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف افتتاحی مقابلہ سے قبل دفاعی چمپیئن ممبئی انڈینس کے کھلاڑیوں کے اعتماد کو اس وقت مزید تقویت ملی جب ٹریننگ سیشن میں انہیں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ماسٹر بلاسٹر کھلاڑی سچن تنڈولکر کا ساتھ ملا۔ ممبئی انڈینس کے کھلاڑی آج کافی مسرور دیکھے گئے کیونکہ گذشتہ رات یہاں پہنچنے والے سچن تنڈولکر ٹیم کے لباس میں شیخ زید اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ گذشتہ برس 16 نومبر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف منعقدہ سیریز کے بعد تمام طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہنے والے سچن تنڈولکر نے نیٹ پریکٹس بھی کی چونکہ انہیں ممبئی انڈینس نے پہلے ہی آئیکان کھلاڑی کے طور پر اپنی صف میں شامل کیا ہے۔ لیجنڈری کھلاڑی نے اپنے آدھے گھنٹے کی نیٹ پریکٹیس میں اس توجہ سے بیٹنگ کی جیسے کل وہ کولکتہ نائیٹ رائیڈس کے خلاف کھیلے جانے والے افتتاحی مقابلہ میں قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ ممبئی انڈینس کے ذرائع کا کہنا ہیکہ یہ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایک سبق ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ شاید سچن نیٹ میں تفریح کیلئے تھوڑی دیگر بیٹنگ کریں گے لیکن انہوں نے اس انداز میں بیٹنگ کی جیسے کل وہ مقابلہ کے قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
افتتاحی مقابلہ کی تمام ٹکٹیں فروخت
دبئی ۔ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل 7 کے آغاز میں ہنوز ایک دن باقی ہے لیکن متحدہ عرب امارات میں ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ کی مقبولیت اپنے عروج کو پہنچ چکی ہے جیسا کہ افتتاحی مقابلہ سے قبل ہی دیگر تین مقابلوں کی ٹکٹیں مکمل فروخت ہوچکی ہیں۔ 25 اپریل تک منعقد ہونے والے مقابلوں کیلئے ہنوز چند ٹکٹیں باقی ہیں۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری سنجیو پٹیل نے کہا کہ آئی پی ایل کے ساتویں سیزن میں 8 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں اور شائقین نے اس ٹورنمنٹ میں اپنی دلچسپی دکھائی ہے۔ دبئی ، ابوظہبی اور شارجہ میں کھیلے جانے والے مقابلوں کیلئے عوام نے پرجوش انداز میں ٹکٹیں حاصل کی ہیں اور یہ ٹکٹیں مختلف میدانوں کے علاوہ کئی اہم مقامات پر بھی دستیاب ہیں۔