سچن کی سالگرہ پر آسٹریلیائی مذاق ، شائقین برہم

ممبئی ۔25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی سابق عظیم بیٹسمین سچن تنڈولکر کی گزشتہ روز 45ویں سالگرہ کے موقع پر آسٹریلیائی کرکٹ نے ایک ٹوئٹ کی لیکن ہندوستانی شائقین کو یہ مذاق پسند نہ آیا اور وہ آسٹریلین کرکٹ پر برہم ہو گئے۔سچن کی سالگرہ کے دن سابق فاسٹ بولر ڈیمین فلیمنگ کی بھی سالگرہ ہے اور کرکٹ آسٹریلیا نے اسی مناسبت سے ٹوئٹر پر فلیمنگ کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ایک ویڈیو نشر کی جس میں انہیں سچن کو بولڈ کرتے ہوئے دکھایا گیا لیکن سچن کے کروڑوں شائقین کو یہ مذاق بالکل پسند نہ آیا اور اس ٹوئٹ پر برہم ششانک نامی تنڈولکر کے ایک شائق نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے سبب پابندی کا شکار تین آسٹریلیائی کھلاڑیوں کا حوالہ دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ چاہے کتنی ہی پابندیاں کیوں نہ لگ جائیں، آسٹریلین کبھی نہیں بدلیں گے۔ٹوئٹر پر سچن ٹنڈولکر کے ڈھائی کروڑ سے زائد شائقین ہیں لیکن بیٹسمین نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔شائقین کی تنقید کے بعد بعدازاں کرکٹ آسٹریلیا نے تنڈولکر کی بیٹنگ کی ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں آسٹریلیا کے خلاف فتح گر اننگز کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔200 ٹسٹ کھیلنے والے دنیا کے واحد کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے 15ہزار 921 رنز بنائے اور وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 100 سنچریاں بنانے والے بھی دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں۔ہندوستان بھر میں عظیم بیٹسمین سچن کی سالگرہ بھرپور طریقے سے منائی گئی اور مختلف پروگراموں میں بھی ان کی سالگرہ کے کیک کاٹے گئے۔ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں سن رائزرز حیدرآباد اور ممبئی انڈینز کے درمیان انڈین پریمیئر لیگ کے میچ میں بھی سچن تنڈولکر کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے بھی مل کر انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی لیکن میزبان ٹیم 87 رنز پر ڈھیر ہوکر نہ صرف میچ گنوا بیٹھی بلکہ سچن کی سالگرہ کے جشن کا رنگ بھی پھیکا کردیا۔