نئی دہلی ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ کھلاڑی سچن تنڈولکر کی سوانح عمری کا جس شدت سے انتظار کیا جارہا تھا ، اب یہ انتظار 6 نومبر کو ختم ہوجائے گا کیونکہ اس دن ان کے آبائی شہر ممبئی میں ایک شاندار تقریب کے دوران سچن تنڈولکر کی خود نوشت سوانح عمری منظر عام پر آجائے گی۔ ان کی سوانح عمری کا عنوان ’’پلیئنگ اٹ مائی وے‘‘ ہے اور یہ دنیا بھر میں ہارڈر اینڈ اسٹوگٹن کی جانب سے پیش کی جائے گی جبکہ ہندوستان میں ہاچیٹ انڈیا کی سرپرستی میں یہ کتاب اسٹال پر دستیاب رہے گی۔ پبلشرس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں سچن تنڈولکر نے کہا ہے کہ میں جانتا ہوں کہ سوانح عمری تحریر کرنے کیلئے مکمل دیانتداری کا ثبوت دینا ہے اور میں نے کرکٹ کیریئر میں جس انداز سے کرکٹ کھیلی ہے ، ان تمام تفصیلات کو اس کتاب میں قلمبند کیا ہے۔ تنڈولکر نے ٹوئٹ بھی کیا ہے کہ 6 نومبر کو میری سوانح عمری دستیاب رہے گی جس کے متعلق میں کافی مسرور ہوں ۔
ریتورانی ہندوستانی کپتان
نئی دہلی ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مڈفیلڈر ریتو رانی ایشین گیمس میں 16 رکنی ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کی قیادت کریںگی اور ان کی خواہش ہے کہ وہ کامن ویلتھ گیمس میں حاصل کردہ پانچویں مقام کو ایشین گیمس میں بہتر مظاہرہ کے ذریعہ ترقی دے۔جنوبی کوریا میں 19 ستمبر تا 4 اکتوبر منعقد شدنی ایشین گیمس کیلئے ہندوستانی ٹیم کا انتخاب بی پی گویندا، ہربیندر سنگھ اور سریندر کور کی سرپرستی میں دیگر عہدیداروں کی موجودگی میں کیا گیا ہے۔