سچن کا بیٹا ارجن ہندوستانی انڈر19 ٹیم میں منتخب

نئی دہلی۔8 جون(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آئندہ ماہ دورہ سری لنکا کے لئے انڈر 19 ٹیم کا اعلان کر دیا اور سابق عظیم کھلاڑی سچن تنڈولکر کے بیٹے ارجن تنڈولکر کو قومی ٹیم میں منتخب کر لیا گیا ہے۔ہندوستانی انڈر19 ٹیم رواں سال جولائی میں سری لنکا کا دورہ کرے گی اور وہ 2چار روزہ اور پانچ ونڈے میچز کھیلے گی۔ ارجن تنڈولکر کو 4روزہ میچ کے لیے انڈر19 ٹیم کا حصہ بنا لیا گیا جو اپنے والد کے برعکس بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ہیں لیکن انہیں ونڈے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ارجن تنڈولکر پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم سے بھی تربیت حاصل کر چکے ہیں اور مختلف مواقعوں پر غیرملکی ٹیموں کے دورہ ہند کے موقع پر نیٹ میں انہیں بولنگ بھی کر چکے ہیں۔ارجن ممبئی انڈر19 ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں لیکن انہوں نے ابھی تک فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز نہیں کیا۔