سچن نے 2003ء ورلڈ کپ میں نیٹ پریکٹس نہیں کی تھی : ڈراویڈ

نئی دہلی ۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کامیاب ترین بیٹسمین سچن تنڈولکر نے 2003ء ورلڈ کپ میں شاندار مظاہرہ کیا تھا جوکہ ان کے کیریئر کا ایک کامیاب ورلڈ کپ بھی رہا لیکن ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈراویڈ نے انکشاف کیا ہیکہ اس ورلڈ کپ میں سچن تنڈولکر نے ایک جانب غیرمعمولی مظاہرہ کیا تو دوسری جانب انہوں نے مکمل ٹورنمنٹ کے دوران نیٹ میں ایک بھی گیند کا سامنا نہیں کیا۔ کوئی بھی کرکٹر کسی ایک ورلڈ کپ ٹورنمنٹ میں سچن سے زیادہ رنز نہیں بنایا ہے جیسا کہ 2003ء ورلڈ کپ میں سچن تنڈولکر نے 673 رنز اسکور کئے جس میں پاکستان کے خلاف 98 رنز کی یادگار اننگز بھی ہے جس کے لئے انہوں نے وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر جیسے غیرمعمولی بولروں کا بہتر انداز میں سامنا کیا تھا۔ راہول ڈراویڈ نے کہا کہ سچن تنڈولکر 2003ء ورلڈ کپ کے دوران نیٹ پریکٹس بالکل نہیں کی

اور جب میں نے ان سے استفسار کیا کہ آخر وہ نیٹ پریکٹس سے گریز کیوں کررہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ خود کو بہتر محسوس کررہے ہیں اور اس احساس کے تلے وہ بہترین مظاہرہ بھی کررہے ہیں لہٰذا وہ نیٹ میں پریکٹس کرتے ہوئے اپنے ردہم کو متاثر کرنا نہیں چاہتے۔ سچن تنڈولکر کو اپنے عہد کا سب سے کامیاب ترین بیٹسمین قرار دیتے ہوئے ڈراویڈ نے کہا کہ سچن نے ہندوستانی کرکٹ کا نقشہ ہی بدل دیا کیونکہ ان کے مظاہروں نے گذشتہ دو دہوں کے دوران میدان اور میدان کے باہر کرکٹ کو ایک نیا روپ دیا ہے۔ ای ایس پی این کرک انفو کے پروگرام ’’ماڈرن ماسٹرس‘‘ میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈراویڈ نے کہا کہ سچن کی کرکٹ کی وجہ سے ہندوستان میں بہت سے نوجوان کرکٹر بننا چاہتے ہیں جبکہ گذشتہ 24 برسوں کے دوران مکمل نسل نے ان کے ساتھ کرکٹ کھیلی ہے اور اس میں شامل ہونے پر ڈراویڈ کو بھی فخر ہے۔ ڈراویڈ نے کہا کہ سچن کے ساتھ کھیلنا ان کیلئے اعزاز ہے۔