سچن نے اپنی تنخواہ کو راحت رسانی فنڈ میں عطیہ کیا

نئی دہلی۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عظیم ہندوستانی کرکٹر و راجیہ سبھا ممبر سچن تنڈولکر نے راجیہ سبھا ممبر کی حیثیت سے اپنی پوری تنخواہ وزیراعظم راحت رسانی فنڈ میں عطیہ کردیا۔ واضح رہے کہ سابق کرکٹر کی رکنیت حال ہی میں ختم ہورہی ہے، اپنے 6 سالہ راجیہ کی رکنیت میں انہیں تقریباً 90 لاکھ روپئے اور دیگر ماہانہ الاؤنسیس ملے تھے۔ سابق کرکٹر کے اس قدم پر وزیراعظم کے دفتر نے بھی خط کو اس کی تصدیق کی ہے۔ پی ایم او نے لکھا ہے کہ وزیراعظم آپ کی اس امداد کے لئے آپ کے شکرگزار ہیں۔ آپ کا یہ تعاون حادثات سے دوچار لوگوں کو راحت پہونچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ یاد رہے کہ سچن تنڈولکر اور اداکارہ ریکھا کو ان سالوں میں پارلیمنٹ میں عدم موجودگی کے لئے کئی طرح کی تنقیدیں جھیلنی پڑی تھیں، حالانکہ تنڈولکر کی ایم پی فنڈس کا اچھا استعمال کیا تھا۔ ان کے دفتر سے جاری اعداد و شمار میں دعویٰ ہے کہ انہوں نے ملک بھر کے 185 منصوبوں کو منظوری دینے کے ساتھ انہیں 30 کروڑ روپئے بھی مختص کئے تھے جن میں سے 74 کروڑ روپئے تعلیم اور دیگر سیاحتی و ترقیاتی کیلئے مختص کئے گئے نیز ایم پی ماڈل گاؤں اسکیم پروگرام کے تحت انہوں نے دو گاؤں بھی گود لئے جن میں سے ایک آندھرا پردیش کا پوتم راجو کیندرگا اور دوسرا مہاراشٹرا کا دونجا گاؤں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سچن تنڈولکر اس مرتبہ 59 سبکدوش ہونے والے ارکان راجیہ سبھا میں شامل ہیں۔