ممبئی 13 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ کے سابق کپتانوں سچن تنڈولکر اور سورو گنگولی نے انڈین سوپر لیگ میں کامیاب بولی دیتے ہوئے فٹبال ٹیمیں حاصل کی ہیں۔ جمہ آٹھ ٹیموں کیلئے آج بولیاں دی گئی تھیں ۔ فٹبال کی انڈین سوپر لیگ جاریہ سال ستمبر ۔ نومبر میں ہونے والی ہے ۔ آئی ایس ایل کے آرگنائزرس آئی ایم جی ۔ ریلائینس نے سات رکنی پیانل سے بولیاں ملنے کے بعد یہ اعلان کیا ہے ۔ سچن تنڈولکر نے پی وی پی وینچرس کے ساتھ مل کر کوچی کی ٹیم حاصل کی ہے ۔ پی وی پی وینچرس نے انڈین بیڈمینٹن لیگ میں بھی ٹیم حاصل کی تھی جبکہ سورو گنگولی نے اسپین کی فٹبال لیگ ٹیم اٹلیٹیکو میڈریڈ اور تاجروں ہرشوردھن نیوٹیا ‘ سنجیو گوئنکا اور اتسو پاریکھ کے ساتھ ایک کنسورشیم بناتے ہوئے کولکتہ کی ٹیم حاصل کی ہے ۔ ممبئی کی ٹیم بالی ووڈ اسٹار رنبیر کپور اور بمل پاریکھ کے حصے میں آئی ہے جبکہ ایک اور میگا اسٹار سلمان خان نے کپل وادھوان اور دھیرج وادھوان کے ساتھ مل کر پونے کی ٹیم حاصل کی ہے ۔ ایک اور اداکار جان ابراہم نے شمال مشرق کی آئی لیگ ٹیم شیلانگ لاجونگ کے ساتھ مل کر گوہاٹی کی ایک ٹیم حاصل کی ہے ۔ مابقی تین ٹیموں میں سمیر منچندا کی قیادت والے ڈین نیٹ ورک نے دہلی کی ٹیم حاصل کی ہے ۔ آئی پی ایل کی ٹیم حیدرآباد کے مالک سن گروپ نے بنگلور کی ٹیم حاصل کی ہے جبکہ ویڈیوکان کے وینوگوپال دھوت ‘ دتاراج سلگاؤکر اور شرینواس وی ڈیمپو نے مل کر گوا کی ٹیم حاصل کی ہے ۔ آئی ایم جی ریلائینس کی جانب سے اسٹار انڈیا سے اشتراک میں یہ ٹورنمنٹ منعقد کیا جارہا ہے اور اس لیگ کو آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کی تائید حاصل ہے ۔
امکان ہے کہ اس میں کچھ بڑے کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں سابق فرانس انٹرنیشنل رابرٹ پائرس اور سابق سویڈن و آرسینل کھلاڑی فریڈرک جنبرگ بھی شامل ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ آرگنائزرس کو ٹنڈر نوٹس میں بولیوں کی جو دعوت دی گئی تھی ان میں 30 دلچسپی رکھنے والوں کی تائید حاصل ہوئی تھی یہ پہلا موقع ہے کہ ہندوستان میں کسی فٹبال ٹیم کے حصول کیلئے کاروباری برادری اور بالی ووڈ برادری نے اتنی زیادہ دلچسپی دکھائی ہے ۔ بین الاقوامی مشاورتی فرم ارنسٹ اینڈ ینگ کو بولیوں کا عمل تیار کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی ۔ ہر بولی دہندہ کیلئے اہلیت کے سخت قوانین مرتب کئے گئے تھے اور اسے اپنی بولیاں ایک دستاویز میں داخل کرنے کوکہا گیا تھا ۔ جیوری پیانل نے ارنسٹ اینڈ ینگ کے نمائندوں کی موجودگی میں ان بولیوں کو کھولا تھا ۔ آئی ایم جی ریلائینس اور اسٹار انڈیا کے تحت ہونے والا یہ ٹورنمنٹ آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کی منظوری رکھتا ہے اور اب یہ ایک اہم مرحلہ پر پہونچ گیا ہے جس کے نتیجہ میں ہندوستانی فٹبال کو پروان چڑھانے میں مدد مل سکتی ہے ۔ اس ٹورنمنٹ کو ہندوستان میں فٹبال کے فروغ میں اہمیت حاصل ہونے کا ادعا کیا جارہا ہے اور اس کی منصوبہ بندی فٹبال اسپورٹس ڈیولپمنٹ پرائیوٹ لمیٹیڈ نے کی ہے ۔ اس کا مقصد فٹبال کی دنیا میں اور زیادہ شعور بیدار کرنا اور ہندوستانی فٹبال کو اعلی ترین سطح تک پہونچانا ہے ۔
آرگنائمرس نے کہا کہ انڈین سوپر لیگ کی تجاویز برائے لیگ پارٹرنس کو کاروباری ‘ اسپورٹس اور بالی ووڈ حلقوں سے بہترین رد عمل حاصل ہوا ہے اور ہر کسی نے ٹیم حاصل کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے ۔ آٹھ کے منجملہ چار شہروں دہلی ‘ کوچی ‘ گوہاٹی اور بنگلور کی ٹیمیں ملک کی فٹبال دنیا میں اہم مقام حاصل کرینگی کیونکہ اب تک اس کھیل میں کولکتہ ‘ گوا ‘ پونے اور ممبئی کا ہی دبدبہ رہا ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دنیائے کرکٹ میں عالمی ریکارڈز اپنے نام رکھنے والے سچن تنڈولکر اپنی ٹیم کے ساتھ برانڈ ایمبسڈر کی حیثیت سے رہیں گے ۔ پی وی پی وینچرس ہندوستان میں میڈیا اور تفریحی صنعت میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے والوں میں شامل ہوتی ہے اور اس نے 2012 میں آئی پی ایل کی ٹیم حیدرآباد کیلئے بھی بولی دی تھی تاہم وہ کامیاب نہیں رہی تھی ۔ سورو گنگولی بھی فٹبال کے پرستار رہے ہیں اور انہوں نے چار اداروں سے اشتراک کرتے ہوئے سب سے زیادہ مطلوب ٹیم کولکتہ حاصل کی ہے ۔ اٹلیٹیکو میڈریڈ اسپین کا تیسرا سب سے معروف اور مقبول کلب ہے ۔ اب یہ لوگ لا لیگا کے ٹیبل میں سر فہرست ہیں اور یوئیفا چمپننس لیگ میں سیمی فائنلس تک پہونچے تھے ۔ بالی ووڈ اسٹار سلمان خان بھی فٹبال میں دلچسپی کیلئے جانے جاتے ہیں اور وہ اکثر فٹبال اسٹیڈیمس میں دیکھے بھی گئے ہیں۔ انہوں نے پونے کی ٹیم اپنے گروپ کے ہمراہ حاصل کی ہے ۔