سچن ، سورو ، لکشمن … بی سی سی آئی کی نئی کرکٹ اڈوائزری کمیٹی

ممبئی ؍ نئی دہلی، یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) ایسے اقدام میں جو ملک بھر میں شائقین کرکٹ کو مسرور کردے گا، سچن تنڈولکر، سورو گنگولی اور وی وی ایس لکشمن پر بی سی سی آئی کی نئی کرکٹ اڈوائزری کمیٹی مشتمل رہے گی۔ ایک ٹوئٹ میں بی سی سی آئی سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے اپنی مسرت کا اظہار کیا کہ لجنڈری کرکٹرز نے آج ایک کانفرنس کال کے بعد بی سی سی آئی کو اپنی منظوری دی کہ وہ اس ملک کے کرکٹ ڈھانچے کا حصہ بنیں گے۔ ’’بی سی سی آئی میں میرے تمام رفقاء کی طرف سے میں سچن، سورو اور لکشمن کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اس باوقار کمیٹی کا حصہ بننے کیلئے ہماری تجویز کو قبول کرلیا اور مجھے اعتماد ہے کہ اُن کے بیش قیمت مشورے سے انڈین کرکٹ کو اس کھیل کے تمام فارمٹس میں اپنے نمایاں موقف کو دوبارہ پانے میں مدد ملے گی۔ اُن کا سرگرمی سے حصہ لینا ہمارے ملک میں اس کھیل کے مستقبل کیلئے اچھی بات ہے اور ’اس کھیل کو واپس خدمت کرنے‘ کا پُرخلوص خیال قابل ستائش ہے‘‘ بی سی سی آئی سکریٹری ٹھاکر نے صحافتی بیان میں یہ بات کہی۔ بورڈ اس اڈوائزری کمیٹی کی تشکیل کے تعلق سے تب ہی سے غور کرتا رہا جب جگموہن ڈالمیا اور انوراگ ٹھاکر نے ترتیب وار صدر اور سکریٹری کی حیثیت سے رواں سال مارچ میں ذمے داریاں سنبھالی تھیں۔ قبل ازیں اطلاعات میں گنگولی، تنڈولکر اور راہول ڈراویڈ وہ تین اشخاص تھے جن کی خدمات کے حصول کا بورڈ خواہاں تھا۔ اس کمیٹی کا قیام ہندوستانی کرکٹ کو مستقبل کے چیلنجوں کیلئے بہتر طور پر تیار رہنے کے قابل بنانے کے نقطہ نظر سے کیا گیا ہے۔ دریں اثناء نومقررہ کرکٹ اڈوائزری پیانل کی اولین میٹنگ بنگلہ دیش کیلئے ہندوستانی ٹیم کی روانگی سے قبل کولکاتا میں بورڈ کے صدر ڈالمیا اور سکریٹری ٹھاکر کے ساتھ ہوگی۔ ایک ذریعہ نے آج نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ یہ میٹنگ 4 یا 5 جون کو منعقد ہونے کا امکان ہے۔ تنڈولکر، گنگولی اور لکشمن پر مشتمل کمیٹی صدر اور سکریٹری کے ساتھ مل بیٹھ کر مستقبل کے پروگراموں کیلئے خاکہ ترتیب دے گی۔ یہ عین ممکن ہے کہ ڈالمیا اور ٹھاکر نیشنل ٹیم کیلئے سپورٹ اسٹاف کے تقرر کے بارے میں تینوں لجنڈری کرکٹرز کی رائے مانگیں گے۔ یہ بھی واضح ہوجائے گا آیا ان تینوں میں سے کوئی ایک دورہ کنندہ ٹیم کے ہمراہ بنگلہ دیش کا سفر کرے گا، یا آنے والے ٹور کیلئے بالکلیہ انڈین سپورٹ اسٹاف ہی ساتھ رہے گا۔ گنگولی جو سکریٹری کرکٹ اسوسی ایشن آف بنگال بھی ہیں، کولکاتا میں ہیں اور لکشمن بھی ایک ایونٹ کیلئے اس شہر میں موجود ہوں گے۔