نئی دہلی ، 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سچن تنڈولکر سے لے کر برائن لارا تک اس کھیل کے سب عظیم شخصیتیں ویراٹ کوہلی کیلئے اپنی طرف سے تعریف و ستائش میں متحد ہیں، اور ہندوستان کو تن تنہا آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 سیمی فائنلس میں پہنچانے پر اُن کو ’’ناقابل یقین‘‘ اور ’’اسپیشل‘‘ کھلاڑی قرار دیا ہے۔ تنڈولکر کوہلی کی پُرجوش ستائش میں پیش پیش رہتے ہوئے گزشتہ شب اُن کی 82* رنز کی اننگز کو ’’بہت خاص‘‘ مساعی قرار دیا۔ سوشل نٹ ورکنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعہ تنڈولکر نے کوہلی کو سراہا اور آسٹریلیا کے خلاف جیت کو عظیم قرار دیا۔ آسٹریلیائی اسپن لجنڈ شین وارن نے سچن کے ٹوئٹ پر تبصرہ میں کہا، ’’کوہلی کی گریٹ اننگز! اس نے مجھے خود تمہاری کئی اسپیشل اننگز کی یاد دلائی ہے، اے دوست!‘‘ ایک اور بیٹنگ لجنڈ لارا نے کہا کہ کوہلی ’’ناقابل یقین‘‘ بیٹسمن ہے۔ مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔ کوہلی کے ٹیم ساتھیوں یوراج سنگھ، ہربھجن سنگھ اور شکھر دھون نے بھی ٹوئٹر کے ذریعے کوہلی کی بیٹنگ اور میچ جتوانے کی صلاحیتوں کی خوب تعریف کی۔ یوراج نے کہا: ’’کئی کھلاڑی مل جائیں گے جو اچھے ردھم میں ہوتے ہیں اور کوہلی ایسا کھلاڑی ہے جو آپ کو میچز بار بار جتوا رہا ہے۔ تم کو سلام!‘‘ ہربھجن نے کہا: ’’جیو کوہلی جیو، میرا شیر۔ کیا خوب اننگز ہوئی! سابق پاکستانی آف اسپنر ثقلین مشتاق نے بھی کوہلی کی بیٹنگ اور ہندوستان کے زبردست پرفارمنس کو سراہا۔ کوہلی کی ستائش میں تو خود شکست خوردہ کھلاڑی بھی سامنے آگئے۔ آسٹریلیا کے گلن میکسویل اور کل کے میچ سے انٹرنیشنل ریٹائرمنٹ لینے والے شین واٹسن نے کہا کہ انھیں کرکٹ genius نے ہرا دیا۔