پالی ۔ 5 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل ہیرالڈ کیس میں سونیا اور راہول گاندھی کے خلاف انکم ٹیکس تخمینہ کے مقدمات کی دوبارہ کشادگی کیلئے سپریم کورٹ کا حکم جاری کئے جانے کے ایک دن بعد وزیراعظم نریندر مودی نے گاندھی خاندان پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ اُن کی حکومت کو ایک اور کامیابی ملی ہے جس کیلئے ایک ’چائے والے ‘ کی ہمت پر شکریہ ادا کرنا چاہئے ۔ راجستھان کے ضلع پالی کے تحت سمیرپور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے الزام عائد کیا کہ گاندھی خاندان گزشتہ چار پشتوں سے خصوصی مراعات کے مزے اُٹھارہا تھا۔ یہ (سپریم کورٹ کا فیصلہ ) دیانتداری کی فتح ہے۔ مودی نے کہاکہ ’’اب میں دیکھوں گا کہ کون بچ کر فرار ہوسکتا ہے ۔ چائے والے کی ہمت دیکھئے جس نے ان کو عدالت کے دروازہ پر پونچادیا جو چار پشتوں سے ملک پر حکمرانی کررہے تھے ‘‘ ۔ مودی سیاسی اعتبار سے حساس یوپی اے حکومت میں طے شدہ 3,600 کروڑ روپئے مالیتی ہیلی کاپٹر معاملت میں درمیانی آدمی کرسچن مائیکل جیمس کی دبئی سے ملک بدری کے ذریعہ ہندوستان کو حوالگی کا تذکرہ بھی کیا۔