سٹے بازی ، اداکارہ پونم مہتا مشتبہ افراد میں شامل

اڈیلیڈ۔16 فبروری(سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ شروع ہوتے ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ نے سٹے بازوں اور جواریوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور اس حوالے سے مربوط اور جامع منصوبہ بندی ترتیب دی ہے۔ کرائسٹ چرچ میں جواریوں کے نیٹ ورک کو معلومات فراہم کرنے والے نامعلوم شخص کی گرفتاری کے بعد آئی سی سی نے تقریباً 100 مشتبہ افراد کی فہرست جاری کی ہے اور ان افرادسے کھلاڑیوں کو دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ مبینہ سٹے باز ، خوبصورت لڑکیوں کی مدد سے کھلاڑیوں سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ ان 100 افراد میں ایک بنگلہ دیشی اور سری لنکا کا شہری بھی شامل ہے۔ فہرست میں بنگلہ دیش کی دو خواتین اور ایک ہندوستانی اداکارہ پونم مہتا بھی شامل ہے۔ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ نے ان مبینہ سٹے بازوں کی فہرست اور انکی تفصیلات آسٹریلیا اور نیوز ی لینڈ کی پولیس کو بھی فراہم کردئے ہیں۔