سٹی کنونشن میں کل ’’جشن نکاح‘‘ کی سہ روزہ نمائش کا آغاز

حیدرآباد ۔ 10 ستمبر ۔ ( سیاست نیوز) شہر میں ہونے والی تقاریب میں شادی کی تقاریب انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی جارہی ہیں ۔ اس رجحان کو دیکھتے ہوئے شادی کی خریداری میں رہنمائی کیلئے کیاپشنس اور ٹی ایم سی کی جانب سے 12 ، 13 اور 14 ستمبر کو سٹی کنونشن سنٹر میں منعقد ہونے جارہے جشن نکاح کے سلسلے میں تجارتی برادری کے علاوہ عوام میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ جشن نکاح کے عنوان سے منعقد ہونے والے اس سہ روزہ نمائش کے دوران زیورات جوکہ شادی کا اہم جز تصور کئے جاتے ہیں اُن کی بھی خصوصی اسٹال اس میں موجود رہے گی ۔ علاوہ ازیں دیگر خریداری جو شادی سے جڑی تقاریب سے منسلک ہے اُن کے بھی تمام اسٹالس اس نمائش کے دوران موجود رہیں گے ۔

سٹی کنونشن سنٹر جیسے وسیع و عریض مرکزی مقام پر منعقد ہونے والی اس نمائش کا مقصد شادی بیاہ کی تقاریب سے جڑی اشیاء کی خریداری کے متعلق عوام میں نہ صرف شعور بیدار کرنا ہے بلکہ اُن کی مناسب رہنمائی کے ذریعہ اُنھیں فائدہ بخش خریداری کی طرف راغب کرنا ہے ۔ عموماً یہ دیکھا گیا ہے کہ شادی بیاہ کی تقاریب کے سلسلے میں کی جانے والی خریداری کے دوران اس بات کا خیال نہیں رہتا کہ بعض اشیاء جو سستے داموں پر دستیاب ہوسکتی ہیں وہ کافی اضافی قیمت ادا کرتے ہوئے خریدی جارہی ہیں۔ اس رجحان کو توڑتے ہوئے عوام کے پیسے کی بچت کے ساتھ ساتھ اُنھیں مناسب خریداری کی سمت راغب کرنے کے مقصد کے تحت کیاپشنس اور ٹی ایم سی کے علاوہ دیگر تجارتی اداروں کے تعاون سے اس نمائش کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جہاں پر شادی بیاہ و دیگر تقاریب سے متعلق وہ تمام اشیاء دستیاب رہیں گی جن کی تقاریب میں ضرورت محسوس کی جاتی ہے ۔ تقاریب کے سلسلے میں جو تیاریاں کی جاتی ہیں اُن تیاریوں کے دوران بعض ایسی ضروری اشیاء فراموش کردی جاتی ہیں

جن سے تقاریب میں کوئی مزہ باقی نہیں رہتا ۔ اسی لئے ہر وہ شئے جو تقاریب سے جڑی ہوئی ہیں انھیں ایک چھت تلے پیش کرتے ہوئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جارہا ہے تاکہ اس نمائش کا مشاہدہ کرنے والے جشن نکاح کے عنوان سے ہورہے اس سہ روزہ پروگرام سے استفادہ کرسکیں۔ مشاہدہ کرنے والوں کیلئے تجارتی برادری کی جانب سے بہترین پیشکش بھی کی جارہی ہے ۔ اس نمائش کا حصہ بننے والے کئی تجارتی ادارے مختلف طریقوں سے عوام کو رعایت یا آفر س پیش کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں کی گئی ایک پیشکش کے مطابق نمائش کا مشاہدہ کرنے والے تمام مشاہدین جو جشن نکاح میں رجسٹریشن کروائیں گے انھیں 2000 روپئے کا مالیتی گفٹ ووچر دیا جائے گا۔ اسی طرح دیگر تجارتی اداروں کی جانب سے نمائش کے دوران پرکشش پیشکش کئے جانے کی توقع ہے ۔