حیدرآباد ۔ 7 جون (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ سٹی کالج حدود میں ایک شخص کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا گیا اور نعش کو سٹی کالج کے فٹ پاتھ پر پھینک کر فرار ہوگئے۔ صبح کی اولین ساعتوں میں قتل کی اطلاع کے بعد پولیس کی بھاری جمعیت کو علاقہ میں تعینات کردیا گیا۔ تاہم تھوڑی دیر بعدجیسے ہی مقتول کی شناخت کرلی گئی پولیس کی جمعیت کو ہٹا دیا گیا اور ڈاگ اسکواڈ کلوز ٹیم نے فوری طور پر علاقہ کا محاصرہ کرتے ہوئے جانچ کی اور جائے مقام سے شواہد کو اکھٹا کرلیا ۔ چارمینار پولیس کے مطابق مہلوک کی 40 سالہ رمیش کی حیثیت سے شناخت کرلی گئی ہے جو ایک ہوٹل میں کام کرتا تھا جو اڑیسہ کا متوطن بتایا گیا ہے۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں رمیش کے سر پر وزنی پتھر ڈال کر اس کا قتل کردیا گیا اور نعش کو فٹ پاتھ پر پھینک دیا گیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ڈاگ اسکواڈ نے علاقہ میں جانچ کے دوران بیگم بازار کا رخ کیا اور وہاں ایک شخص کے قریب جاکر بھونکنے لگا اور پولیس نے اس شخص کو حراست میں لے لیا اور تحقیقات میں پیشرفت اختیار کرلی گئی ہے۔ تاہم چارمینار پولیس نے اس بات کی توثیق نہیںکی اور بتایا کہ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔