خرطوم ، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سوڈان میں ایک جج نے ایک حاملہ خاتون کو موت کی سزا سنائی ہے۔ 27 سالہ مریم یحییٰ کو یہ سزا مذہب اسلام چھوڑ کر مسیحیت اختیار کرنے پر سنائی گئی ہے۔ الحادی محمد عبداللہ نامی مسلم والد کے ہاں پیدا ہونے والی اس عورت کو موت کی سزا سوڈان میں نافذ شرعی قوانین کے تحت سنائی گئی ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق مریم نے ایک مسیحی سے شادی کر رکھی ہے اور وہ آٹھ ماہ کی حاملہ ہے۔ جج عباس محمد الخلیفہ نے سزا سناتے ہوئے کہا، ’’ہم نے آپ کو تین دن دیئے کہ آپ تائب ہو جائیں مگر آپ نے اسلام کی طرف نہ لوٹنے پر اصرار برقرار رکھا۔ میں آپ کو پھانسی کی سزا سناتا ہوں۔‘‘ امریکہ اور برطانیہ نے اس فیصلے پر تنقید کی ہے۔
9/11 اسرائیلی فوج کی فائرنگ، دو فلسطینی شہید
غزہ ، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج کی تازہ جارحانہ کارروائی میں مزید دو فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل مخالف ایک احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کی زد میں آ کر دو فلسطینی نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ اسپتال کے ذرائع نے بتایا ہے کہ 22 سالہ ابو طاہر اور 17 سالہ ندیم نوآرا کو دل پر گولی ماری گئی ہے۔ یہ واقعہ رملہ میں ایک اسرائیلی جیل کے باہر مظاہرہ کے دوران پیش آیا۔ اسرائیلی فوج نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے فائرنگ کی ذمہ داری سرحد پر مامور پولیس پر عائد کی ہے۔